کورونا کے خطرات بدستورموجود ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلے قائم رکھنے کی پالیسی پر عملدرآمد کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے، عوام گھروں میں رہیں گے تو کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا، کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے،عام آدمی کی معاشی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاؤن میں نرمی کی،کورونا کےخطرات بدستورموجود ہیں،سب کو احتیاط اورذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا،ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں،شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اتنا ہی کورونا سے محفوظ رہیں گے،کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے عوام کو احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے،گھر میں رہیں محفوظ رہیں پر عمل کر کے شہری خود اور دوسروں کو کورونا سے بچائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں سے پھر اپیل ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں،میل جول جتنا کم ہو گا، اتنا ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہو گا،ہمارا ہر قدم صوبے کے عوام کے تحفظ کے لئے اٹھ رہاہے، آزمائش کی گھڑی میں ثابت قدم رہتے ہوئے چیلنجز سے نمٹیں گے،ہماری حکومت نے کورونا وباء کے تناظر میں کثیرالجہتی حکمت عملی اختیار کی ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فیصلے اجتماعی بصیرت اور مشترکہ طورپر کئے گئے ہیں۔