آئی ایس پی آر نے ڈاکٹروں نرسوں اور طبی عملے کی آگاہی کیلئے ایک خصوصی دستاویزی فلم جاری کر دی
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کرونا وائرس کی وباء کے تناظر میں ہسپتالوں میں حفاظتی آلات کے مناسب استعمال سے متعلق ڈاکٹروں نرسوں اور طبی عملے کی آگاہی کیلئے ایک خصوصی دستاویزی فلم جاری کی ہے۔ صحت کے امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں اس دستاویزی فلم کا افتتاح کیا جو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے وزارت صحت کے رہنماء اصولوں کے مطابق طبی عملے کی رہنمائی کیلئے چھیانوے گھنٹوں میں تیار کی۔ یہ دستاویزی فلم ڈاکٹروں اور طبی عملے کی رہنمائی اور انہیں وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے تیار کی گئی ہے جو کرونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ دستاویزی فلم سے کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے مصروف عمل ڈاکٹروں اور طبی عملے کو محفوظ رکھنے سمیت ہسپتالوں میں حفاظتی آلات کے غیر ضروری استعمال کو ترک کرنے میں بھی مدد ملے گی۔