سمندری طوفان کے پیش نظر ساحلی پٹی کے تمام اضلاع میں ہنگامی حالت نافذ
حکومت سندھ نے بحیرہ عرب میں اٹھنے والے سمندری طوفان کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے احتیاطی اقدامات کے تحت ساحلی پٹی کے ساتھ تمام اضلاع میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔ یہ فیصلہ کراچی میں وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کراچی انتظامیہ کو تمام بند نالوں کی صفائی شروع کرنے اور تمام بل بورڈز ہٹانے کی بھی ہدایت کی اور بلڈرز سے کہا کہ وہ زیر تعمیر عمارتوں کے تحفظ کیلئے فوری احتیاطی اقدامات کریں۔ اجلاس میں ماہی گیروں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ آج سے گہرے سمندر میں نہ جائیں۔