رواں سال 31 ہزار253 افراد سرکاری سکیم کے تحت حج کریں گے

تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے تحت اسلام آباد میں حج کے لئے قرعہ اندازی ہوئی۔قرعہ اندازی کے تحت رواں سال 31 ہزار 253افراد سرکاری سکیم اور ایک ہزار افراد خصوصی کوٹے پر فریضہ حج ادا کریں گے۔ وزیر مواصلات مولانا اسعدمحمود اور وزیر رہائش اور تعمیرات مولانا عبدالواسع بھی اس موقع پرموجود تھے ۔ بعد ازاں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے 81 ہزار 132 کاحج کوٹہ دیا گیا جس میں سے ساٹھ فیصد سرکاری اور چالیس فیصد پرائیویٹ حج کوٹہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال سرکاری حج سکیم کے تحت آن لائن یا بینکوں کو مجموعی طور پر تریسٹھ ہزار 604 حج درخواستیں موصول ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ لازمی ویکسی نیشن 65 سال عمر کی حد اور حج کے زیاد ہ اخراجات کے باعث لوگوں کی ایک بڑی تعداد حج درخواستیں جمع نہیں کراسکی۔ ان کامزید کہنا تھا کہ کورونا کی عالمی وبا کے باعث گزشتہ دو سال انتہائی محدود پیمانے پر فریضہ حج ادا کیا گیا۔