الیکشن کمیشن لوٹوں کو بچانا چاہتا ہے، فضل الرحمن، زرداری اور شہباز کا اکٹھا جنازہ نکلے گا: عمران خان

صوابی : چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سارے پاکستان کو پتا ہے کہ لوٹے کون ہیں لیکن الیکشن کمیشن ان کو بچانے کے لیے نکتے ڈھونڈ رہا ہے۔ ڈیزل اور اسٹوجز، ان سب کا اکٹھا جنازہ نکلے گا۔صوابی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کا کہنا تھا صوابی اسلام آباد سے قریب ہے اور جب میں اسلام آباد آنے کی کال دوں تو آپ لوگوں نے مجھے وہاں ملنا ہے، آپ مجھے بتائیں کہ ملک کی حقیقی آزادی کے لیے اسلام آباد آئیں گے اور جو اسلام آباد نہیں سکتے وہ صوابی میں ہی نکلیں اور بتائیں کہ غلامی نا منظور ہے، امپورٹڈ حکومت نا منظور ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میرے ماں باپ غلام ہندوستان میں پیدا ہوئے، جب ہندوستان کے لوگ انگریز کی غلامی کر رہے تھے اس وقت یہاں کے لاکھوں لوگوں نے انگریز کے لیے قربانیاں دیں مگر کسی نے انکا شکریہ ادا نہیں کیا کیونکہ ہندوستان غلام تھا، غلاموإ کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسی طرح جب نائن الیون کے بعد امریکی جنگ میں خیبرپختونخوا کے لوگوں نے قربانیاں دیں، 80 ہزار پاکستانیوں نے قربانیاں دیں، 35 لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی، ہماری فوج نے دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں امریکیوں سے 3 گنا زیادہ قربانیاں دیں مگر کسی نے ہمارا شکریہ ادا نہیں کیا بلکہ الٹا الزام لگایا گیا کہ پاکستان کی وجہ سے امریکا جنگ نہیں جیت سکا، میرے با شعور، غیور پاکستانیوں یاد رکھ کہ غلاموں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔