شہباز شریف کی عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے وزیر اعظم کو عمران خان کی سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو سابق وزیر اعظم کو ہر حوالے سے بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عمران خان کو فوری طور پر چیف سیکیورٹی افسر فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
وزیر اعظم نے تمام صوبائی حکومتوں کو بھی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جلسے، جلوسوں کے دوران سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نے بیان میں تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔