عثمان بزدار نے 10 ارب سے زائد کی کرپشن کی، اینٹی کرپشن میں درخواست دائر کررہے ہیں: عطااللہ تارڑ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڑ نے پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی ایما پر 10 ارب سے زائد کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے اعلان کیا کہ عثمان بزدار کی مبینہ کرپشن کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن سے رجوع کررہے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ صرف عثمان بزدار کا نہیں ہے، یہ عمران خان کے بے نامی اثاثے ہیں، کیونکہ عثمان بزدار اور ان کے ارد گرد بااختیار لوگوں کو بنی گالا سے چلایا جا رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بنی گالا سے خاتون اول کے ذریعے فرح گوگی، احسن جمیل گجر اور عثمان بزدار کالا دھن کما کر بنی گالا بھیجا کرتے تھے، عمران خان نے ان لوگوں کو لگا کر اختیار اس لیے دیا تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ دولت کمائی جا سکے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ آج عمران خان ہر جلسے میں کھڑے ہوتے ہیں کہ جیسے کوئی مسیحا ہیں، آج وہ کس بات پر نام نامی کا دعویٰ کرتے ہیں کہ جیسے انہوں نے اپنے ساڑھے 3 سالہ دور اقتدار میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے، تقریر ایسے کرتے ہیں جیسے ملک کی معیشت کو دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل کیا ہو، باتیں ایسی کرتے ہیں کہ جیسے اوپر سے اترے ہیں اور کرتوت ایسے ہیں کہ بڑے سے بڑا ڈاکو شرما جائے۔