فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے فرخ حبیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے نام فوری طور پر ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔ درخواست گزار فرخ حبیب کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت پی ٹی آئی لیڈر شپ پر سیاسی بنیادوں پر کیسز بنا رہی ہے، درخواست گزار کا نام سیاسی بنیادوں پر ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے، درخواست گزار کو ضروری کام کے سلسلے میں بیرون ملک جانا ہے، عدالت وفاقی حکومت کو نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے فرخ حبیب کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو سنا دیا گیا ہے۔