بہاولپورریاست کو بحال ہونا چاہیے۔ پنجاب میں نئے صوبے بنے تو وزیراعلیٰ نون لیگ کا ہی ہوگا۔ نوازشریف
بہاولپور میں پارٹی کارکن عقیل الرحمان کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے نواز شریف نے کہاکہ وہ نئے صوبوں کی حامی ہیں اس سے نظام میں بہتری آئے گی۔ بہاولپورریاست بحال ہونی چاہیے تاکہ یہاں کے عوام کو ان کا حق مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نئے صوبے بنے تو وزیراعلیٰ اور کابینہ نون لیگ کی ہی ہوگی۔وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسلم لیگ نون کےصدرنے کہا کہ حکمرانوں کی کرپشن نے تمام ادارے تباہ کردیئے ہیں۔ نون لیگ نے صبر کے ساتھ حکومت کی حمایت کی تاکہ میثاق جمہوریت پر عمل کرتے ہوئے حکمران عوامی مسائل حل کریں اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ حکومت نے میثاق جمہوریت پر عمل نہیں کیا جس پرہم نے اپنے راستے الگ کرلیے۔ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت بہترین نظام ہے لیکن آج اسے چلانے والے غلط ہیں۔حکومت عوامی مسائل حل کرتی تو اسے نہ صرف اپوزیشن کی سپورٹ حاصل ہوتی بلکہ آج عوام بھی جمہوریت کے زیادہ حامی ہوتے۔ ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ نون کے قائد نے کہا کہ وہ شاہ محمود قریشی کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے ان سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔