فلسطین میں بدترین اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید تین فلسطینی شہید. دوروز کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد اٹھارہ ہوگئی۔

اسرائیل نے گذشتہ رات غزہ میں ستر راکٹ فائر کیے جس کے نتیجے میں مزید تین فلسطینی شہید اورمتعدد افراد زخمی ہوگئے، غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق گذشتہ روز حماس نے ایک اسرائیلی ڈرون بھی گرایا تھا، تاہم اسرائیل کا کہنا ہے کہ یہ جہاز اسرائیلی نہیں تھا۔ حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ الجابری کی شہادت کے بعد اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے ایک سو پچاس سے زائد فضائی حملے کئے جاچکے ہیں، حماس کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے بعد جنگ بندی کیلئے مذاکرات کی تجویزمسترد کردی گئی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے مذاکرات کے جھوٹے دعووں میں نہیں آئیں گے جبکہ اس وقت مذاکرات کرنا غزہ میں بڑھتی ہوئی جارحیت کوچھپانے کے مترادف ہوگا۔ ادھراسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوکا کہنا ہے کہ غزہ آپریشن کے دوران کوشش کی جائے گی کہ عام شہریوں کی ہلاکت نہ ہو۔ مصری صدر محمد مرسی نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت ختم کرنے کیلئے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہوجائیں گے۔