موٹر سائیکل چلانے پر پابندی وزیر اعظم کی مشاورت سے لگائی گئی تھی۔ قانون میں سقم کی وجہ سے دہشت گرد چھوٹ جاتے ہیں۔ رحمان ملک
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ یکم محرم کو موٹر سائیکل چلانے پر پابندی وزیراعظم کی مشاورت سے لگائی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس پنجاب میں اٹھائیس، سندھ میں ایک سو تین، خیبر پختون خوا میں اٹھاسی جبکہ بلوچستان میں دو سو چار موٹر سائیکل بم دھماکے ہوئے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چار برس سے قانون انسداد دہشت گردی میں ترمیم کررہے ہیں تاہم اس میں سقم کی وجہ سے دہشت گرد چھوٹ جاتے ہیں۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے سینیٹ سے اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر قانون سازی کی اپیل کی ہے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ عدلیہ، حکومت اور فوج سمیت تمام اداروں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سینیٹر رضاربانی سے اختلافات کی تردید بھی کی۔ اس سے قبل سینیٹ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں چھیانوے فیصد کارروائیاں موٹر سائیکل پر ہوتی ہیں۔