افغان مہاجرین کی رضا کارانہ وطن واپسی کا عمل موسم سرما کی وجہ سے عارضی طور پر روک دیا گیا ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کی رضا کارانہ وطن واپسی کا عمل موسم سرما کی وجہ سے عارضی طور پر روک دیا گیا ہے ۔ اسلام آبادمیں ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ موسم بہار میں افغان مہاجرین کی واپسی کاعمل پھر سے شروع ہو گا ۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ ایس پی طاہرخان کے افغانستان میں بہیمانہ قتل پر دکھ ہے ۔ افغان ناظم الامور کو دو بار دفتر خارجہ بلا کر وضاحت طلب کی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالگی سے متعلق امریکی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال میں بارہ مرتبہ پاکستان کے قونصل جنرل نے ڈاکٹر عافیہ سے جیل میں ملاقات کی ۔ ترجمان نے بتایاکہ بھارتی قابض افواج نے چار مزید نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے ۔ انہوں نے آسیہ اندرابی کی حراست کی بھی شدید مذمت کی ۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں بھارتی بربریت کا نوٹس لیکر اس کو رکوا ئے۔