پشاور،صحت کی بنیادی اور تمام سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے یقین دلایا ہے کہ صحت کی بنیادی اور تمام سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور ہدایت کی کہ اس مقصد کیلئے وسائل فراہم کرنا اور صحت کے اداروں کو عوامی خواہشات کے مطابق بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونی چاہیئے۔اُنہوں نے وزیر صحت کو ہدایت کی کہ صحت کے شعبے میں جو بھی مسائل ہیں ان کے حل کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاکر جلد سے جلد حل کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے زراعت کے شعبے کے حوالے سے بھی فنڈز دینے کا وعدہ کیا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں صحت کے حوالے سے اجلاس کے دوران کیا ۔صوبائی وزیر صحت ہشام انعام اللہ خان اور نوشیروان برکی کے ساتھ خصوصی ملاقات کی اور صحت کے حوالے سے اہم اُمورزیر غور آئے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی صحت کے شعبے پر خاص نظر ہے اور ہم صحت کے شعبے کے کل وقتی بنیادوں پر بنیادی نوعیت کے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر صحت کی محکمہ صحت کے شعبے میں خدمات اور کارکردگی کو سراہااورکہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح عوام کو صحت کی تمام سہولیات مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ صوبے میں صحت کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکن وسائل بروئے کار لا کر جلد از جلدان مسائل کو حل کرکے عوام کو ریلیف دی جائے۔