گورنر پنجاب سے شبانہ اعظمی اور جاوید اختر کی ملاقات
لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور ان کے شوہر نامور شاعر جاوید اختر نے ملاقات کی۔ شبانہ اعظمی کہتی ہیں کہ پاکستان کے لئے پیار اورمحبت کا پیغام لیکر آئے ہیں۔ گورنر ہاوس لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان اَمن پسند ملک ہے۔ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک سے برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دونوں ممالک میں ثقافتی وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں۔ گورنر پنجاب کو شبانہ اعظمی اور جاوید اختر نے سینٹ کے ضمنی انتخابات جیتنے پر مبارکباد دی۔ شبانہ اعظمی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پیار اور محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطے ہونے چاہئیں۔ ملاقات کے دوران سلیمہ ہاشمی بھی موجود تھیں۔