شہباز شریف کا طبیعت ناسازی پر جنرل ہسپتال میں طبی معائنہ ،واپس جیل منتقل کر دیا گیا
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کی طبیعت ناساز ہونے پر جنرل ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹوں کے بعد دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شہباز شریف کوبکتربند گاڑی میں جنرل اسپتال لاہور پہنچا دیا گیا۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کے سینے میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ہسپتال میں شہباز شریف کے سینے کا سی ٹی سکین کرایا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف اور دیگر شریک ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی تھی۔عدالت نے شہبازشریف کی فرد جرم عائد نہ کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کمرہ عدالت میں صحت جرم سے انکار کیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کی احتساب عدایت میں نیب حراست میں نون لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کو سہولتوں کی فراہمی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی تھی۔احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج جواد الحسن نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا تھا۔عدالت نے شہباز شریف کو قانون کے مطابق سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی میڈیکل ہسٹری کے مطابق انہیں سہولتیں فراہم کی جائیں۔عدالت نے شہباز شریف کو میٹریس، کرسی، گھر کا کھانا اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔