پاکستان نے افغانستان میں مفاہمت کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ،شاہ محمود قریشی
ایک پرامن اور خوشحال افغانستان پاکستان کے اپنے مفاد میں ہے،ہم افغانستان کی مدد میں متحرک رہے ہم سی پیک کو نہ صرف ہمارے لیے بلکہ خطے کے لیے بھی گیم چینجر سمجھتے ہیں وزیر خارجہ کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ( این ڈی یو) میں زیر تربیت افسران سے خطاب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں مفاہمت کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ، عالمی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہندوتوا کے نظریے کی پیداوار ہے،ہم نے تمام دستیاب فورمز پر بھارتی جارحیت کے باعث بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات کو واضح کیا۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی ( این ڈی یو) میں زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں زیر تربیت افسران کے ساتھ بات چیت کرنا ہمیشہ خوشی کا باعث رہا ہے۔ مجھے کئی دوست ممالک کے باسی شرکا کو پاکستان کے سول اور فوجی افسران کے ساتھ اکٹھے دیکھ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ہم واقعی دلچسپ دورسے گزر رہے ہیں۔ جہاں دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ہمارے لیے چیلنج یہ ہے کہ ہم، اپنے قومی مفادات کو فروغ دینے اور ان کو پہنچنے والے نقصانات کو روکنے کے لیے نئے حقائق سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا،وسطی ایشیا، مشرق وسطی اور چین کے سنگم پر واقع ہے۔ اس لیے ہمارے اقتصادی مفادات کو فروغ دینے اور اپنے ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو زندہ رکھنے کے لیے بہتر رابطہ ضروری ہے۔