توشہ خانہ، عمران خان کو جوابات دینے ہوں گے، قانون کے تحت معاملے کے انجام تک پہنچیں گے، خواجہ آصف: وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کو سارے سوالات کے جوابات دینے پڑیں گے، پاکستان میں آئین و قانون کی حکمرانی ہے، حکمراں اتحاد کی طرف سے کا اظہار کیا جارہا ہے، ہم قانون و قاعدے کے تحت اس معاملے کے انجام تک پہنچیں گے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز عمران خان کا گھڑی بیچنے کا اسکینڈل سامنے آیا، انہوں نے اپنے مخالفین پر الزامات کی بھرمار کی، نیب اور ایف آئی اے کی کیسز بنائے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اب وہ (عمران خان) کہتے ہیں کہ مقدمہ کروں گا، بڑی اچھی بات ہے، مقدمہ کریں تاکہ سارا ریکارڈ سامنے آئے، اور فرح گوگی اور ان کے خاوند کو پنجاب حکومت سے این آر او دلوایا ہے، ان کے کیسز ختم کروائے ہیں، یہ سارے معاملات عدالت میں آئیں گے، عدالت کے سامنے عیاں ہوجائے گا کہ ان کی بد دیانتیاں کیا ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان (عمران خان) کی کرپشن اور بے ضابطگیوں یا بدیانتیوں کا سلسلہ نیا نہیں ہے، جب وہ حکمران تھے یہ اس وقت سے چلی آ رہی ہیں، انہوں نے اتنا شور مچایا کہ ساری چیزیں اس شور میں دب جائیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ جب سے ان کی حکمرانی گئی ہے، بدیانتیوں کو سلسلہ جاری و ساری رہا، ایک سائفر کی کہانی گھڑی گئی، انہوں (عمران خان) نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت ہے، حقیقی آزادی کی ضرورت ہے، ہم امریکا کے غلام بنے ہوئے ہیں، بیرونی سازش کا الزام لگایا وہ اس الزام سے بھی پیچھے ہٹ گئے ہیں، اور کہتے ہیں کہ یہ سارا کچھ ختم ہو گیا ہے، اور یہ سب ماضی میں رہ گیا ہے۔