اقتدار کےخواہش مند شارٹ کٹ ڈھونڈنے کے بجائے اپنی باری کا انتظار کریں۔ الیکشن 2013 میں ہی ہوں گے۔ وزیراعظم
لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کےارکان کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ دو گزر گیا جب وزیر اعظم آرمی چیف اور چیف جسٹس سے لڑتا تھا، ہم مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہمارے دور حکومت میں عسکری قیادت نے پارلیمنٹ کو بریفنگ دی جبکہ دوتہائی اکثریت والی حکومت کے دور میں بھی ایسا نہیں ہوا۔ہم سب کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں اوروہ آج بھی تخت لاہور کی عزت کرتے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نےنواز شریف کے تیسری بار وزیر اعظم بننے کی پابندی ختم کروائی لیکن اب یہ عوام پر ہے کہ وہ ان کو تیسری بار منتخب کرتے ہیں یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں پریس کو مثالی آزادی حاصل ہے اور کسی کو آزادی اظہار رائے میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے جبکہ اس وقت ملک میں کوئی بھی صحافی یا شاعر پابند سلاسل نہیں۔ سید یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان سمیت چھوٹے صوبوں میں ترقی کی سمت درست کردی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اگر صوبوں کو خودمختاری دے دی جاتی تو سقوط ڈھاکہ جیسا سانحہ نہ پیش آتا۔ اس وقت حکومت سے لڑائی اس کو آئینی مدت پوری کرنے سے روکنے اور سینٹ الیکشن رکوانے کے لئے کی جارہی ہے لیکن اقتدار کے خواہشمند افرادکوشارٹ کٹ ڈھونڈنے کے بجائے اپنی باری کا انتظار کرنا چاہیے۔