وزارت پورٹس اينڈ شپنگ کے ذیلی اداروں ميں اربوں روپے کی کرپشن کا انکشاف
وزارت پورٹس اينڈ شپنگ کے ذیلی اداروں ميں من پسند افراد کو نوازنے، کرايوں کی عدم وصولی اور انتظاميہ کی نا اہلی کا پردہ چاک ہوگیا۔ آڈٹ رپورٹ دو ہزار پندرہ سولہ کے مطابق وزارت پورٹس اينڈ شپنگ کے ذیلی اداروں ميں منظور شدہ پالیسی کے خلاف چار پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے اکيانوے کروڑ پچيس لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔ ايل اين جی ٹرمینل کے لئے بھی سستے پلاٹ کی الاٹمنٹ پر چھ کروڑ پچيس لاکھ روپے نقصان ہوا۔ پورٹ قاسم نے بغير ٹينڈر چھياليس کروڑ بانوے لاکھ روپے کا خلاف ضابطہ فيول بھی خريدا۔ اتھارٹی نے ايک ارب بيس کروڑ ماليت سے زائد پائلٹ بوٹس اور کشتياں بھی بغير ٹينڈر خريديں جس کے لیے مقررہ تاريخ سے آٹھ ماہ قبل ايک اعشاريہ آٹھ ملين ڈالر کی بينک گارنٹی جاری کی گئی۔ دستاويز کے مطابق خریدی گئی بوٹس مارچ دو ہزار پندرہ سے خراب پڑی ہے۔