کوئی کہتا ہے بچہ شیر کا شکار کیسے کرے گا، یہ بھٹو کا خون ہے، بچے سے ہاتھ ملا کر دیکھو تو طاقت کا اندازہ ہوجائے گا : اپوزیشن لیڈر
اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سلام شہدا ریلی سے جذباتی خطاب کیا۔ انہوں نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایک کے بعد ایک تنقید کے نشتر برسادیئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ کوئی کہتا ہے بچہ شیر کا شکار کیسے کرے گا، یہ بھٹو کا خون ہے، بچے سے ہاتھ ملا کر دیکھو تو طاقت کا اندازہ ہوجائے گا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ابھی جیالوں کا ٹریلر ہے، لاہور میں پوری فلم دکھائیں گے، بکری کے اوپر شیر کی کھال چڑھی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کسی بھی دہشتگرد، ملا، شیر اور کھلاڑی سے نہیں ڈرتی۔ تحریک انصاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم اسلام آباد بند نہیں کرتے، جانیں قربان کرکے سیاست کرتے ہیں۔ ہم کسی ظالم کے آگے کبھی نہیں جھکے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کا نواسہ اپنے نانا کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے نکل پڑا ہے، اب یہ قافلہ رکنے والا نہیں۔