بھلوال: بس اور کالج وین میں تصادم، ڈرائیور اور 6 طالبات جاں بحق،4زخمی
سرگودھاکے علاقے بھلوال میں سالم انٹرچینج کے قریب مسافر بس اور کالج وین میں تصادم کے نتیجے میں وین ڈرائیور اور 6 طالبات جاں بحق جبکہ 4 طالبات زخمی ہوگئیں، مشتعل طلبا نے مسافر بس کے شیشے توڑدیئے اور آگ لگا دی ۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے علاقے بھلوال میں سالم انٹرچینج کے قریب مسافر بس اور کالج وین میں تصادم کے نتیجے میں مختلف کالجز کی طالبات کو لے کر جانیوالی وین کو سامنے سے آنیوالی مسافر بس نے ٹکر مار دی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ وین ڈرائیور اور 6 طالبات موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ 4 طالبات زخمی ہوگئیں۔ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشیں اور زخمیوں کوتحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال منتقل کردیا ، زخمی طالبا ت کو حالت تشویشناک ہونے کی بنا پر انہیں بعد ازاں سرگود ھا کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، حادثہ اس وقت پیش آیا جب نجی کمپنی کی بس نمبر بی ایس اے 352نے بھلوال کے قریب سالم انٹرچینج پر طالبان کو لے جانیوالے کیری ڈبہ کو ٹکر مار دی ، حادثے کے بعد مختلف کالجز کے طلبا اور علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا، مشتعل طلبا اور شہریوں نے مسافر بس کے شیشے توڑ دیئے اور آگ لگا دی جس سے مسافروں کا سامان بھی جل گیا ۔