منشا بم کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالے
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے لاہور میں زمینوں پر قبضوں کے کیس میں گزشتہ روز سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار ہونے والے منشا بم کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ منشا بم کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے۔ دوران سماعت منشا بم نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں پنجاب پولیس کے حوالے نہ کیا جائے۔ انہیں خدشہ ہے کہ پنجاب پولیس انہیں مقابلہ میں مار دے گی۔ اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ وہ جوڈیشل ریمانڈ نہیں دے سکتی۔ قانون کے مطابق چلنا ہے۔ یہ لاہور ٹاؤن شپ کا کیس ہے اور صرف ایک دن کا راہداری ریمانڈ ہی دیا جا سکتا ہے۔ پولیس کی جانب سے تین روزہ راہداری ریمانڈ مانگا گیا تاہم عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو تین روزہ راہداری ریمانڈ کیوں چاہئے۔ ایک دن کا کافی نہیں ہے۔عدالت نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔