وزیراعظم محمد شہباز شریف کا خوراک کے عالمی دن پر پیغام

Oct 16, 2024 | 10:52

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا خوراک کے عالمی دن پر پیغام,  خوراک کا عالمی دن ہمیں ہر فرد کے  لیے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے اپنے فرض کی یاد دلاتا ہے۔  اس سال خوراک کے عالمی دن کا موضوع "خوراک کا حق- بہتر زندگی اور بہتر مستقبل کے لیے" ہے۔    خوراک کے اس عالمی دن پر، ہم غذائی تحفظ، پائیدار زراعت اور اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

 ہمارے کسان خوراک کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، جو اپنی لگن اور محنت سے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہمارے پاس وافر مقدار میں خوراک موجود رہے۔  ہم  زرعی شعبے میں جدت، پائیداری اور جدیدیت پر مرکوز پالیسیاں اپنا کر کسانوں کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں ۔  ہماری حکومت کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی بشمول جدید زرعی مشینوں تک رسائی، بہتر انفراسٹرکچر، اور بہتر مارکیٹ تک رسائی دینے کے حوالے سے اقدامات اٹھا رہی ہے۔، 

 ہماری حکومت نے  غذائی نظام کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔  جدید ایگریکلچرل ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور فوڈ پروسیسنگ اور اسٹوریج کو فروغ دینے کی کوششوں جیسے اقدامات کے ذریعے، ہمارا مقصد خوراک کے ضیاع کو کم کرنا، خوراک کی  مدت حفاظت کو بڑھانا، اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہمارا غذائی نظام عالمی چیلنجوں کے مقابلے میں مستحکم ہو۔

 ہم فوڈ پروسیسنگ سیکٹر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کو فروغ اور سہولت فراہم کر رہے ہیں۔  ہماری توجہ دیہی خواتین کو کاروباری صلاحیتیں دے کر انکو بااختیار بنانا ہے، جو ہماری دیہی معیشت کا ایک اہم حصہ ہیں-  ہمارا وژن پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، اور زراعت اور فوڈ پروسیسنگ میں برآمدات پر مبنی ترقی کو فروغ دے کر اپنی غذائی صنعت کو عالمی فوڈ ویلیو چین میں ضم کرنا ہے۔

 آج کے دن، ہم خوراک اور زراعت کی تنظیم (FAO) اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO) سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے، ان کے ساتھ  کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عظم کرتے ہیں، تاکہ معلومات، بہترین طریقوں اور اختراعات کا تبادلہ کیا جا سکے اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل پائے جہاں خوراک نہ صرف وافر ہو بلکہ محفوظ، غذائیت سے بھرپور اور پائیدار پیداوار بھی ہو۔

 مجھے یقین ہے کہ مسلسل لگن، اختراع اور تعاون کے ساتھ، ہم بھوک، غذائیت کی کمی اور غذائی عدم تحفظ کے چیلنجوں پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ 

 آئیے ہم ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں جہاں کسانوں کو پائیدار زرعی طریقوں کو اپنانے میں مدد اور سہولت فراہم کی جائے تاکہ ہر ایک فرد کو غذائیت سے بھرپور خوراک تک رسائی حاصل ہو، اور ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے غذائی تحفظ کو بھی یقینی بنا سکیں۔

مزیدخبریں