کم جونگ کے جوہری اہداف حاصل کرنے کے عزم کا مقصد امریکہ کے ساتھ عسکری طاقت میں 'توازن' کا قیام ہے

شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق رہنما کم جونگ ان نے اپنے ملک کے جوہری اہداف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، سرکاری خبررساں ادارے کے سی این اے کے مطابق اُن کا عزم امریکہ کے ساتھ عسکری طاقت میں 'توازن' کا قیام ہے، کم جونگ ان کا بیان شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربے کے بعد سامنے آیا ہے، یہ میزائل جاپان کے اوپر سے گزرا تھا اور اس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ شمالی کوریا کا سب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والا میزائل ہے، اس اقدام کے بعد شمالی کوریا کے خلاف اقوام متحدہ کی پابندیوں کی حمایت کرنے والی عالمی طاقتوں میں اختلاف سامنے آیا ہے، کے سی این اے کے مطابق کم جونگ ان کا کہنا ہے کہ وہ واضح طور پر بڑی طاقتوں کو دکھانا چاہتے ہیں کہ اُن کا ملک بےانتہا پابندیوں اور رکاوٹوں کے باوجود جوہری طاقت کے مقاصد کو حاصل کرے گا، اُن کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کا مقصد 'امریکہ کے ساتھ اصل طاقت کا توازن قائم کرنا اور امریکی حکمرانوں کو شمالی کوریا کےخلاف عسکری کارروائی کے بارے میں بات کرنے سے باز رکھنا ہے۔