صدر مملکت ممنون حسین کی پاکستان کرکٹ ٹیم کے آزادی کپ جیتنے پر پوری قوم کومبارک باد

صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے آزادی کپ جیتنے پر پوری قوم مبارک باد دی ہے ۔ ہفتہ کو قوم کے نام اپنے مبارک باد کے پیغام میں صدر مملکت نے آزادی کپ میں ورلڈ الیون کے خلاف شاندار کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو بھی مبارک باد دی ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام آزادی کپ کے عالمی کرکٹ ایونٹ کے انعقاد کے جرات مندانہ فیصلے سے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی راہ ہموار ہوگئی ہے ، جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے ورلڈ الیون کا بھی تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔صدر مملکت نے کہا کہ اس ایونٹ سے یہ ثابت ہوا ہے کہ پاکستانی قوم پرامن اور کرکٹ کے کھیل سے محبت کرنے والی قوم ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ الیون سے دو ایک سے کپ جیتا ۔