وزیر خارجہ کا عالمی قیادت پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے پر زور
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی قیادت پرزوردیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردارادا کرے۔ریڈیوپاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ چینل سے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سلسلے میں اپنا کردارادا کرسکتے ہیں ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ امریکہ کا بھارت پر بڑا اثرورسوخ ہے اور وہ اسے مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے کہہ سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم تیسرے فریق کی ثالثی کا اس لیے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان دوطرفہ طورپر معاملات آگے نہیں بڑھ رہے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ گزشتہ مہینے کی پانچ تاریخ کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے غیرقانونی اقدام کے بعد بھارت سے مذاکرات کا کوئی امکان نہیں ہے ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ا س مہینے کی ستائیس تاریخ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریںگے جس میں مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کریں گے ۔ ادھر ملتان میں آج رات یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے ان کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر تمام بین الاقوامی فورموں پر اٹھایا ہے۔