زیادتی کے مجرموں کی سخت سزا سے متعلق بل لا رہے ہیں،عبرتناک سزا دی جائے گی۔سینیٹر فیصل جاوید
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہاہے کہ موٹروے پر زیادتی کے مجرموں کو عبرتناک سزا دی جائے گی، زیادتی کے مجرموں کی سخت سزا سے متعلق بل لا رہے ہیں، فواد چوہدری اپنی ریسرچ کا دائرہ بڑھائیں جن ممالک میں سخت سزائیں ہیں وہاں زیادتی کے واقعات کم ہوتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید نے کہا کہ زیادتی کے مجرموں کے خلاف قانون ضروری ہے کیونکہ زیادتی کے مجرم بلیک میل کر کے صلح کے لیے دبائو ڈالتے ہیں اور جس کے بعد وہ صلح کی وجہ سے رہا کر دیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم زیادتی کے مجرموں کو عبرتناک سزا دینے کے حامی ہیں اور زیادتی کے مجرموں کی کیمکل کیسٹریشن کا قانون لایا جائے گا۔فیصل جاوید نے کہا کہ زینب الرٹ بل پاکستان تحریک انصاف لے کر آئی اورحکومت زیادتی کے مجرموں کے خلاف سزا کے قانون پر کام کرے گی جبکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر زیادتی کے مجرموں کی سخت سزا سے متعلق بل لا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زیادتی کے مجرموں کو سخت سزا دینا ضروری ہے اور اگر زیادتی کے بعد پولیس نے 2 گھنٹے تک کارروائی نہیں کی تو اہلکار کے خلاف کارروائی ہو گی۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ موٹروے زیادتی کیس میں ملزمان تک پہنچنے میں پولیس نے اہم کردار ادا کیا تاہم ہم نے پولیس محکمے میں مزید اصلاحات لانی ہیں۔ افسوس کی بات ہے پولیس ماضی میں سیاست کے لیے استعمال ہوئی، پولیس کا آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں انسانی حقوق کی بات کرتے وقت متاثرہ خاندان کی بات ضرور کریں۔ فواد چوہدری کے بیان پر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری اپنی ریسرچ کا دائرہ بڑھائیں جن ممالک میں سخت سزائیں ہیں وہاں زیادتی کے واقعات کم ہوتے ہیں۔