ایپل نے اپنا نیا ماڈل آئی فون 13متعارف کروا دیا ۔
موبائل فون بنانے والی معروف کمپنی ایپل نے اپنا نیا ماڈل متعارف کروا دیا ہے۔ ایپل کی 14 ستمبر کو ورچوئل تقریب میں نئے آئی فونز متعارف کرائے گئے۔ٹیکنالوجی نیوز گیٹ وے کے مطابق نئے آئی فون میں اسٹوریج کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔ آئی فون 13 پرو اور پرو میکس میں 128، 256 اور نئے 512 جی بی آپشن کے ساتھ ایک ٹیرا بائٹس (ایک ہزار 24 جی بی) تک کی اسٹوریج کا آپشن دیا گیا ہے۔ بیس ماڈل آئی فون 13 اور 13 منی میں اسٹوریج 128 جی بی سے شروع ہوں گے۔ آئی فون 12 کے انہی ماڈلز میں اسٹوریج 64 جی بی سے شروع ہوتی تھی۔ آئی فون 13 کے اپنے پیش رو کی طرح چار ماڈل یعنی آئی فون 13 منی، آئی فون 13، آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس ہوں گے۔ نئے فونز میں کیمرے کی پرفارمنس مزید بنائی گئی ہے اور اس میں ویڈیو پورٹریٹ موڈ، آسٹرو فوٹوگرافی موڈ، مزید بہتر الٹرا وائڈ لینز اور ویڈیو ریکارڈنگ کیلئے عمدہ آپٹیکل زوم فراہم کیا گیا ہے۔ نئے آئی فونز میں ’آلویز آن ڈسپلے‘ آئے گا، جس کے بعد فون کی لاک اسکرین پر وقت اور دوسرے سسٹم اشاریے ہر وقت دکھائی دیں گے۔ پاکستان کا ایک آن لائن اسٹور سوا 3 لاکھ روپے کی قمیت میں پرو میکس ماڈل پری آرڈر کے ذریعے نئے ماڈل فروخت کے لیے پیش کر رہا ہے۔