سندھ میں سیلابی صورتحال ، جاں بحق افراد کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی

ملک بھر میں سوا تین کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کرنے والے حالیہ سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد ڈیڑھ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ سندھ میں متاثر علاقوں میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔جمعہ کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں سندھ ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز نے کہا کہ 15 ستمبر کو آبی بیماریوں کا شکار 92ہزار797 شہریوں کا علاج کیا گیا، ان میں سے 588 میں ملیریا کی تصدیق ہوئی جبکہ اس کے علاوہ بھی 10ہزار604 کیسز ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جمعرات کو ڈائریا کے 17ہزار977 کیسز اور جلد کی بیماری کے 20ہزار064 کیسز رپورٹ ہوئے، ڈینگی کے 28 کیسز کے ساتھ۔ سیلاب زدہ علاقے میں قائم کیے گئے فیلڈ اور موبائل ہسپتالوں میں یکم جولائی سے اب تک مجموعی طور پر 23 لاکھ مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔