وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر سے ملاقات، سی پیک منصوبوں پر اپنے عزم کا اعادہ
وزیر اعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں پاکچین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کے حوالے سے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور سیلاب متاثرین کی مدد پر ان کا شکریہ ادا کیا.وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 22ویں سربراہان مملکت کے اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جو ان کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی ملاقات ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ‘عملیت پسند اور باصلاحیت شخصیت’ اور ‘پاک-چین دوستی کے لیے دیرینہ عزم’ رکھنے والے رہنما قرار دیا۔وزیراعظم نے بھی صدر شی جن پنگ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی آنے والی 20 سی پی سی نیشنل کانگریس کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم نے اپنے مشترکہ وژن اور اقدار کو علاقائی تعاون اور یکجہتی کے ٹھوس عملی منصوبوں میں آگے بڑھانے کے لیے ایک بہترین فورم فراہم کیا۔