سیلابی پانی اتنا زیادہ ہے کہ ڈیموں میں جمع کرنا ممکن نہیں ہے: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیلاب سے ہونے والے تباہی کم کرنے کے لیے مختلف حلقوں کی طرف سے ڈیمز بنانے کی اہمیت کی تجاویز رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں سیلاب اتنا زیادہ ہے کہ صرف ڈیموں سے نمٹا نہیں جا سکتا۔حیدر آباد میں اجلاس کی صدارت کے بعد وفاقی وزیر برائے مواصلات اسعد محمود کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ جو لوگ ڈیموں کی تعیمرات پر بات کر رہے ہیں وہ وضاحت کریں کہ سندھ سے 120 ملین ایکڑ فٹ پانی تربیلا ڈیم اور دیامربھاشا ڈیم میں کیسے لے جایا سکتا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے اس بات پر بھی تعجب کا اظہار کیا کہ سندھ میں پانی کی اتنی بڑی مقدار محفوظ کرنے کے لیے ایسی جگہ کہاں ہے مگر ہم تمام تجاویز سننے کے لیے تیار ہیں۔ اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ چند ماہرین نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں لوگوں کو کیوں ڈبو رہا ہوں، پانی کا رخ موڑ کیوں نہیں دیتا، تو مہربانی کرکے مجھے بتائیں کہ میں پانی کا رخ اور بہاؤ گاڑی کی طرح کیسے موڑ سکتا ہوں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم تمام لوگوں کی وہ تجاویز سننے کے لیے تیار ہیں جو سیلابی صورت حال سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ نہ صرف آرمی چیف مگر دیگر لوگوں نے بھی پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ڈیم کی تمعیر پر بات کی ہے۔