وفاق خیبرپختونخوا کی 60 ارب کی سبسڈی کھا گیا، ایف بی آر کی ٹیکس کولیکشن ہمیں دیدیں: وزیر خزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا

پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ہمارے صوبے میں تنخواہوں کا بل 6 ارب روپے ہے لیکن تنخواہوں کیلئے ہمیں ساڑھے 4 ارب روپے مل رہے ہیں، وفاق خیبرپختونخوا کی 60 ارب کی سبسڈی کھا گیا ہے، آخری 2 سال میں عمران خان نے خیبرپختونخوا میں 68 ارب روپے ٹرانسفر کئے۔ پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر خزانہ نے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کا حل صرف الیکشن میں ہے لیکن عمران خان کے خوف سے یہ الیکشن نہیں کروا رہے ہیں، الیکشن نہ کروانے کی قیمت عوام ادا کر رہی ہے، پاکستان کی معیشت مکمل تباہ ہو گئی ہے۔انہوں ںے کہا کہ پیناڈول کی فیکٹری اور قیمت کو تو حکومت سنبھال نہیں پا رہی ہے، آئی ایم ایف ڈیل کو بھی متنازع بنایا جا رہا تھا لیکن آئی ایم ایف کی ڈیل تو کامیابی سے پوری ہو گئی۔
خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ ایف بی آر کی ٹیکس کولیکشن ہمیں دیدیں کیونکہ وفاق نے صرف 8 فیصد ٹیکس اکھٹا کیا ہے، گزشتہ سال 30 فیصد ٹیکس اکھٹا کیا گیا تھا جب کہ خیبرپختونخوا کی ٹیکس کولیکشن 42 فیصد ہے۔