وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات, سعودی عرب میں چوبیس ممالک کی مشترکہ فوجی مشق"گلف شیلڈ ون"کی عظیم الشان اختتامی تقریب میں بھی شرکت

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی عرب کے شاہ سلمان سے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزراء اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے، دونوں سربراہوں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس سے قبل وزیراعظم نے عالمی رہنماﺅں کے ہمراہ چوبیس ممالک کی مشترکہ فوجی مشق"گلف شیلڈ ون"کی عظیم الشان اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دمام کے شمال مشرقی صحرا میں منعقدہ تقریب میں عالمی رہنماﺅں، وزرا برائے دفاع اور خارجہ اور مختلف مسلح افواج کے سربراہان کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیردفاع انجینئر خرم دستگیر، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر ہشام بن صدیق بھی موجود تھے۔ اکتالیس اسلامی ممالک کے اتحاد"اسلامک ملٹری کاﺅنٹر ٹیررازم کولیشن"کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف بھی تقریب میں شریک تھے۔ فوجی مشق"گلف شیلڈون"کے انعقادکامقصد افواج کے مابین باہمی رابطہ کا فروغ اورمشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے ملکرکام کرنے کا عملی تجربہ حاصل کرنا تھا۔ سعودی وزارت دفاع نے"گلف شیلڈون"مشق کو دنیا میں جدیدترین عسکری نظام کے مطابق بروئے کار لائے جانے والی جنگی مہارتوں کے حوالہ سے ایک اہم موڑ قرار دیا ہے۔