ملک سب کا ہے اور سب کے یکساں حقوق ہیں آئین اور قانون کے تحت ووٹ کو عزت دینے کی بات کررہا ہوں:نوازشریف

عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نشریات اور اخبارات کی بندش کے بعد زبان بندی کا فیصلہ بھی آگیا۔ ایسے فیصلے اب صرف پاکستان میں آتے ہیں۔ آئین اور قانون کے تحت ووٹ کو عزت دینے کی بات کررہا ہوں۔ عوام کو اس حق سے کیسے مجروح کیا جاسکتا ہے۔ ملک سب کا ہے اور سب کے یکساں حقوق ہیں۔ ملک پہلے ہی انتشار کا شکار ہے۔ اس صورتحال کا کوئی حل نکالنا چاہیے۔ انکا کہنا تھا کہ فاٹا میں اس قسم کے حالات ہیں کہ اس کا تدارک ہونا چاہیے۔ وزیراعظم کا عہدہ پھولوں کی سیج نہیں یہ کیسے فیصلے ہیں کہ عوام اپنے لیڈر کو نہیں سن سکتی۔ ان لوگوں نے کیا تبدیلی لانی ہے جن کی سوچ ہی غلامانہ ہے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ موٹروے بنانے پر بھی میرے خلاف ریفرنس دائر کرنا چاہیے۔ سب کو ایک گارنٹی دیتا ہوں کہ جیت ہماری اور عوام کی ہو گی۔ ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے ہم نے درگزر کیا اب دوسری طرف سے بھی یہی ہونا چاہیے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے سمجھوتہ نہیں کیا لیکن ملک کی بہتری کے لیے درگزر کیا۔ آنے والے دنوں میں ملک میں بہت بڑا انتشار دیکھ رہا ہوں ہمیں سب کو اس سے بچنا چاہیے۔