چیف جسٹس آف پاکستان نے نوازشریف کی عدلیہ مخالف تقاریر پر پابندی کا ازخود نوٹس لے لیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ کے نوازشریف کی عدلیہ مخالف تقاریر پر پابندی کے فیصلے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے ہائیکورٹ سے آج ہی تمام ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ کیس کو آج ہی سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔ عدالت عظمی نے پیمرا کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل رانا وقار صاحب، کل کے فیصلے پر ہم ازخود نوٹس لے رہے ہیں۔ تمام فریق حاضری یقینی بنائیں۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے گزشتہ روز عدلیہ مخالف تقاریر سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی تھی۔ عدالت نے عبوری طور پر پیمرا کو نواز شریف اورمریم نواز سمیت سولہ اراکین اسمبلی کی تقاریر کی نشریات روکنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے پیمرا کو عدلیہ مخالف تقاریر سے متعلق درخواستوں پر پندرہ روز میں فیصلہ کرنے کی بھی ہدایت کر دی تھی۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ پیمرا ان تقاریر کی مانیٹرنگ کرے اور رپورٹ جمع کرائے۔