آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کرپشن کیس کے ملزمان سابق ڈی جی ایل ڈی اے احدچیمہ،شاہدشفیع اور دیگر ملزمان مزید دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

لاہورکی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کرپشن کیس کی سماعت کی۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ، شاہد شفیع اوردیگر شریک ملزمان کو سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب افسر نے تفتیش کی ابتدائی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ احدچیمہ اور دیگر ملزمان سے تفتیش میں پیشرفت ہوئی ہے۔ احدچیمہ کے بیرون ملک اثاثوں کابھی انکشاف ہوا ہے۔ دوران سماعت وکلا صفائی نے ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔ جس پرسرکاری وکیل اور ملزمان کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ عدالتی استفسار پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کا کام غریب عوام کوگھربنا کر دینا تھا مگر آشیانہ اقبال میں ایک بھی گھر نہیں بنا۔ زمین ابھی تک خالی پڑی ہے۔ سرکاری وکیل کی استدعا پرعدالت نے احد چیمہ اورشریک ملزمان کو مزید دس روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔