اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی ایس او کو بجلی کے شعبہ کے استعمال کیلئے فرنس آئل کی درآمد کی اجازت دے دی

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا،،اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان سٹیٹ آئل کوبجلی کے شعبہ کے استعمال کیلئے فرنس آئل کی درآمد کی اجازت دےدی تاکہ آئندہ مہینوں میں ایندھن کے مناسب ذخیرے کوبرقراررکھا جاسکے۔ای سی سی نے ماچھیکے۔تاروجبہ آئل پائپ لائن پراجیکٹ کیلئے ٹرانسپورٹیشن ٹیرف کی منظوری دی۔اوگرا کی طرف سے ضابطہ کی ضروری کارروائی کے بعد ٹیرف کی توثیق کی جائے گی۔یہ منصوبہ تین حصوں میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبہ ایندھن کا اضافی ذخیرہ فراہم کرے گا اوروسطی وشمالی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اہم ترسیلی مراکزکوایندھن فراہم کرسکے گا۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ مستقبل میں تمام پائپ لائن منصوبہ جات کیلئے کابینہ کی منظوری ضروری ہوگی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیشنل گرڈ سسٹم کے ذریعے بجلی کی فراہمی کیلئے مقامی بینکوں سے نوہزارآٹھ سوچھالیس ملین روپے کی مالیاتی سہولت کیلئے حکومت خود مختارگارنٹی کے اجراکی بھی منظوری دے دی۔