کشمیر کے جیل خانے حکومت گوانتا ناموبے بنانا چاہتی ہے۔ محبوبہ مفتی
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ حکومت ہند کشمیر میں جیلوں کو بدنام زمانہ گوانتا نامو جیل جیسا بنانا چاہتی ہے۔سینٹرل جیل میں بند قیدیوں کے اہل خانہ کی طرف سے سرینگر میںکئے جانے والے احتجاج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا 'قیدی بھی بنیادی انسانی حقوق کے حقدار ہیں اور ان کے احتجاج کو طاقت کے بل پر دبانا واضح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کشمیر کو جیل خانے میں تبدیل کرنا چاہتی ہے اور یہاں کے جیلوں کو بدنامہ زمانہ گوانتا نامو بے جیل جیسا بناناچاہتی ہے'۔ادھر تحریک حریت کے چیرمین محمد اشرف صحرائی نے سینٹرل جیل سرینگرمیں انتظامیہ کی طرف سے پیداکردہ سنگین صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقید قیدیوں کے ساتھ جیل حکام کی طرف سے سختی برتنے کو منتقمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 15دنوں سے جیل حکام کا قیدیوں کے تئیں طرز عمل انتہائی جارحانہ ہے اور جیل مینول کے مطابق حاصل شدہ سہولیات سے قیدیوں کو محروم رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے ساتھ ملاقات کی غرض سے آئے لوگوں کے ساتھ بھی سختی برتی جارہی ہے اور ان کے اہل خانہ کو قیدیوں کے ساتھ ملاقات کرنے میں بھی زبردست پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔