کراچی میں روزانہ ساڑھے500ملین گیلن گندا پانی اور 7 ہزار ٹن سالڈ ویسٹ سمندر میں پھینکا جارہا ہے۔ علی زیدی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے میری ٹائم افیئرز میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں روزانہ ساڑھے پانچ سو ملین گیلن گندا پانی اور چھ سے سات ہزار ٹن سالڈ ویسٹ سمندر میں پھینکا جارہا ہے،پانی میں مچھلی مار دی گئی ہے، سات نالیاں ڈی ایچ اے سے جارہی ہیں وہ سیدھا کچرا سمندر میں پھینک رہی ہیں۔کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ملازمتوں میں سندھ کا کوٹہ 19 فیصد ہے ،جبکہ کے پی ٹی میں اربن سندھ سے 3617 ملازمین ہیں جبکہ کوٹہ کے تحت 963 ملازمتیں سندھ کی بنتی ہیں۔بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے میری ٹائم افیئرز کا اجلاس چیئرمین عامر علی خان مگسی کی صدارت میں ہوا ،اجلاس کے دوران وزارت میری ٹائم افیئرز کی جانب سے کمیٹی کو بریفنگ دی گئی،رکن کمیٹی محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ سالڈ ویسٹ کو کنٹرول کرنا چاہیئے،وزیر بحری امور علی زیدی نے کمیٹی کو بتایاکہ روزانہ تقریبا ساڑھے پانچ سو ملین گیلن گندا پانی سمندر میں پھینکا جا رہا ہے،جبکہ تقریبا 6 سے سات ہزار ٹن سالڈ ویسٹ سمندر میں پھینکا جارہا ہے،پانی میں مچھلی مار دی گئی ہے،سی ویو پر واک کریں تو سات نالیاں ڈی ایچ اے سے جارہی ہیں وہ سیدھا کچرا سمندر میں پھینک رہی ہیں ،ہم الیکشن مہم کے دوران 17 ڈمپر روزانہ کچرے کے اٹھاتے تھے ،ایک جگہ لوگوں نے کچرا اٹھانے سے منع کر دیا اور کہا کہ کچرا اٹھائیں گے تو نیچے سے گٹر نکل آئیں گے ،رکن کمیٹی قیصر احمد شیخ نے کہا کہ آپ کو یہ بتانا چاہیئے کہ ابھی تک آپ نے کیا کیا ہے ،8 نو مہینے ہو گئے ہیں ، جس پر وزیر بحری امور نے جواب دیا کہا کہ ہم نے جو بورڈز بنائیں ہیں اس میں قابل لوگ ڈالے ہیں، علی زیدی نے کمیٹی کو بتایاکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چار ہزار سات سو ملازمین ہیں ،کے پی ٹی کی ملازمتوں میں سندھ کا کوٹہ 19 فیصد ہے ،اس 19 فیصد کا 40 فیصد کوٹہ اربن سندھ اور 60 فیصد رورل سندھ کا ہے جبکہ کے پی ٹی میں اربن سندھ سے 3617 ملازمین ہیں جبکہ کوٹہ کے تحت 963 ملازمتیں سندھ کی بنتی ہیں ،رکن کمیٹی قیصر احمد شیخ نے کہا کہ گوادر میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے متعلق ہمیں بتایا جائے ،جس پر وزیر بحری امور نے کہا کہ گوادر میں سعودی عرب ،یو اے ای اور قطر نے بھی دلچسپی دکھائی ہے ،گوادر کو کنکٹیویٹی چاہیئے کنکٹیویٹی کے بعد جہاز آنا شروع ہوں گے ،وہاں پانی اور انرجی بھی چاہیئے ،اجلاس کے دوران کراچی میں مبارک ویلیج کے قریب سمندر میں جہاز سے تیل پھیلنے کے معاملے پر وزارت حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ جس جہاز سے وہ تیل پھیلا وہ سمندر میں چلنے کے قابل نہیں تھا۔