حریت کانفرنس کی ڈھونگ پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا بھی بائیکاٹ کرنے کی اپیل
مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرینگر اور ادھمپور میں کل بھارتی پارلیمانی انتخابی ڈرامے کے دوسرے مرحلے کا مکمل بائیکاٹ کریں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ انتخابات کے نام پر جموں وکشمیر کے لوگوں پر ایک فوجی مشق مسلط کی جارہی ہے۔
مشترکہ حریت قیادت نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ نام نہاد انتخابات کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے کل سرینگر، بڈگام اور گاندر بل کے انتخابات والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کریں۔
بھارتی فوجیوں نے انتخابات کے دوسرے مرحلے سے ایک روز پہلے سرینگر کے مختلف علاقوں اور اسکے نواحی مقامات پر نام نہاد سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں اور گاڑیوں ، ان میں سوار مسافروں اور راہگیروں کی بڑے پیمانے پر تلاشی لی جا رہی ہے۔ سرینگر کے مختلف علاقوں میں خصوصی حفاظتی چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں آج محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کی۔
بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے 'این آئی اے' نے جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفرا کبر بٹ کو جھوٹے مقدمے میں پوچھ گچھ کیلئے جمعہ کے روز پھر نئی دلی طلب کر لیا ہے۔
بھارت کے تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری تاجر ظہوراحمد وٹالی کی مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں روپے مالیت کی املاک ضبط کرلی ہے۔بھارت این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو کشمیری قیادت کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال کررہا ہے۔
بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے چیئرمین مولوی بشیر احمد کو سرینگر میں ان کے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتارکرلیا۔
ادھر گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے نفسیاتی امراض کے ڈیپارٹمنٹ کی ایک تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیاہے کہ 85فیصد پیلٹ متاثرین مختلف نفسیاتی امراض کے شکار ہوچکے ہیں۔تحقیق میں کہا گیا ہے کہ آنکھوں کے متاثرین میں سے 93فیصد افراد کم از کم کسی ایک نفسیاتی مرض میں مبتلا ہیں ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ قابض بھارتی انتظامیہ نے 2010ء میںمقبوضہ کشمیر میں احتجاجی مظاہروں کوروکنے کے لیے پیلٹ گن متعارف کرائی۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے اسلام آباد میں ایک اجلاس میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پارلیمانی انتخابات کے نام پرڈرامہ رچانا غیر قانونی ، غیر اخلاقی اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔