یوٹیلٹی سٹورز کو ماہ صیام کیلئے ضروری اشیاء کی خریداری تیز کرنے کی ہدایت
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان المبارک کیلئے کھانے پینے کی ضروری اشیاء کی خریداری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو بروقت سہولت کی فراہمی کیلئے خوراک کی ضروری اشیاء کی خریداری کیلئے کوششیں تیز کریں۔
کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ہوا۔رمضان پیکیج پر عملدرآمد کیلئے وزیر ریلویز شیخ رشید احمد کی سربراہی میں ایک چار رکنی کمیٹی بھی قائم کی گئی۔وزیر خزانہ اسد عمر نے اس موقع پر گفتگو کرے ہوئے کہا کہ حکومت مستقبل کے بجٹوں میں ضمنی گرانٹس کومرحلہ وار ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بجٹ تخمینے کی تیاری کے وقت بہت سے اداروں کی ضروریات کا مناسب طور پر اندازہ نہیں لگایا گیا جس کے باعث ضمنی گرانٹس کے بڑے پیمانے پر مطالبے پیش کیے جاتے رہے۔وزیر خزانہ نے مختلف شعبوں کی مالی ضروریات کے مطابق مناسب بجٹ سازی پر زور دیا۔
وزارت پٹرولیم نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کوملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کیلئے پاکستان ریلویز کی خدمات کے استعمال کے سلسلے میں کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کے بارے میں بریفنگ دی۔وزارت ریلویز نے کمیٹی کو بتایا کہ اس کے پاس بڑی مقدار میں سامان کی نقل و حمل کی استعداد موجود ہے اور وہ وزارت پٹرولیم کے ساتھ ملکر مزید امکانات کا جائزہ لیں گے۔
کمیٹی نے اصولی طور پر وزارت اطلاعات و نشریات کی اس تجویز کی منظوری دی کہ غربت کے خاتمے' صحت انصاف سکیم' وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہائوسنگ سکیم اور دیگر کے بارے میں معلومات مشتہر کرنے کیلئے میڈیا مہم شروع کی جائے۔