وزیراعظم کا دورہ چین،سی پیک منصوبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے میں مدد ملے گی،یاؤ جنگ
پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے میں مدد ملے گی۔انہوں نےاسلام آبا د میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب سی پیک کو دنیا بھرکے سرمایہ کاروں کیلئے کھولا جارہا ہے۔چین کے سفیر نے کہا کہ دورے کے دوران سی پیک کے تحت سماجی شعبے کے نئے منصوبوں کے اجراء کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پیشہ وارانہ تربیت کے سینکڑوں مراکز کو بہتر بنایا جارہا ہے تاکہ سی پیک کے نئے منصوبوں کیلئے بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ہنرمند کارکن تیار کیے جائیں ۔چین کے سفیر نے کہا کہ چین کے ایک خطہ ایک سڑک کے عظیم منصوبے کے سلسلے میں آٹھ کمپنیاں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ ملکر کام کررہی ہیں۔پاک چین انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سیدنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کو علاقائی روابط کا محور بننے میں مدد دی ہے اور اس عظیم منصوبے کی تکمیل کے بعد ملک تیز تر ترقی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔