قبائلی علاقوں کے عوام نے ملک کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں ، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی علاقوں کی تعمیر نو اور ترقی میں پیشرفت سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان قبائلی علاقوں کی تعمیر نو اور ترقی ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضم ہونے والے قبائلی علاقوں کے عوام نے ملک کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں اور شدید مشکلات کا سامنا کیا ہے۔
وزیراعظم نے عوام کو ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ امدادی رقم کی جلد ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ضم ہونے والے علاقوں کے مکینوں میں صحت انصاف کارڈز کی تقسیم کا عمل تیز کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے رمضان المبارک کے دوران ضم ہونے والے قبائلی علاقوں میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے عوامی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ان علاقوں کے عوام کے ساتھ اپنے روابط بہتر بنائیں تاکہ تعمیر نو اور ترقی کے سفر میں ان کی شمولیت یقینی بنائی جاسکے۔