جاپان کی جانب سے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ
رواں مالی سال کے دوران جاپان کی جانب سے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکر فروری2019 ءتک جاپان نے پاکستان میں 78.7 ملین ڈالر مالیت کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 109.88 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں جاپان نے پاکستان میں 37.5 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی۔اعدادوشمارکے مطابق فروری 2019ءمیں جاپان نے پاکستان میں 11.5 ملین ڈالر مالیت کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی۔ جاپان پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کرنے کے علاوہ مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بھی کررہاہے۔ جاپان کی بین الاقوامی ترقی کا ادارہ جائیکا پاکستان میں مختلف شعبوں میں منصوبوں میں تعاون فراہم کررہاہے۔