الریاض کنسرٹ میں فن کاروں پر چاقو حملہ کرنے والےمجرم کا سرقلم

Apr 17, 2020 | 16:38

سعودی عرب کےدارالحکومت الریاض میں نومبر2019ء میں ایک کنسرٹ کے دوران میں فن کاروں پر چاقو سے حملہ کرنے والے یمنی مجرم کا جمعرات کے روز سرقلم کردیا گیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی نے اس مجرم کی شناخت عماد عبدالقوی المنصوری کے نام سے کی ہے۔ اس کی عمر 33 سال تھی اور اس نے یمن میں القاعدہ کے ایک لیڈر کی ہدایت پر یہ حملہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ 11 نومبر 2019ء کو الریاض میں واقع شاہ عبداللہ پارک میں رنگا رنگ تفریحی میلے میں ایک کنسرٹ منعقد کیا جارہا تھا۔اس دوران میں اس مجرم نے تین فن کاروں کو چاقو کے وار کرکے زخمی کردیا تھا۔

تب سرکاری میڈیا نے یہ اطلاع دی تھی کہ اس چاقو حملے کی زد میں دومرد اور ایک عورت آئی تھی۔انھیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد مہیا کی گئی تھی۔ان کے زخم خطرناک نہیں تھے اور ان کی حالت بہتر بتائی گئی تھی۔ سعودی سکیورٹی فورسز نے اس ملزم کو اسٹیج پر چاقو حملے کے فوری بعد گرفتار کر لیا تھا۔

الریاض کی ایک فوجداری عدالت نے 19 دسمبر 2019ء کو اس مجرم کو تین فن کاروں کو چاقو گھونپنے کے الزام میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت کا حکم دیا تھا اور اس کا آج الریاض ہی میں سرقلم کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں