میری پاکستان میں ایک نیک نامی ہے، کیسز میں سرخرو ہونگا۔ جہانگیر ترین
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماجہانگیر ترین نے کہا ہے کہ میرے خلاف تینوں مقدمات میں چینی کی قیمت بڑھانے کا الزام نہیں۔جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے خلاف تینوں مقدمات میں چینی کی قیمت بڑھانے کا الزام نہیں، سیاست میں آکر کاروبار شروع نہیں کیا، بے بنیاد اور جھوٹی کہانیاں بنائی جا رہی ہیں، میرے خلاف 3 مقدمات ہیں اور کسی میں بھی شوگر مل کا ذکر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میں انکم ٹیکس دیتاہوں اور مالی معاملات میں شفاف ہوں،پہلے کاشتکار تھا پھر کاروبار میں آیا، اس کے بعدسیاست میں آیا، سیاست سے کاروبار نہیں بنایا، میری پاکستان میں ایک نیک نامی ہے، کیسز میں سرخرو ہونگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر ایف آئی آر میں چینی کی قیمت کا کوئی تعلق نہیں، 8 سے 10 سال پرانے معاملات کی ایف آئی آر درج کی گئیں، یہ کیس ایس ای سی پی کے پاس ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف بے بنیاد الزامات لگا کر میری ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ، میں سوا سال سے وزیر اعظم ہائوس نہیں گیا اور نہیں معلوم میرے خلاف یہ سب کچھ کون کر رہا ہے لیکن پتا چل جائے گا۔پی ٹی آئی رہنما راجہ ریاض نے آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ انصاف نہ ملا تو فیصلہ کرنے میں آزاد ہونگے، بات کو مزید آگے نہ بڑھائیں، بڑے تحمل سے تحریک انصاف کے پرچم کے نیچے کھڑے ہیں، آج آخری مرتبہ ریاست مدینہ میں کہہ رہے ہیں کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔