روشن سندھ کیس:شرجیل میمن کی ضمانت کاتفصیلی فیصلہ جاری
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن کی روشن سندھ کیس میں ضمانت کاتفصیلی فیصلہ جاری کردیا گیا ۔ہفتے کو 8صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ اسلا م آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے جاری کیا،اسلام آباد ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلے میں بتایا کہ سندھ کے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن 2 سال گرفتار رہے۔ شرجیل میمن اب بھی نیب سے تفتیش میں تعاون کررہے ہیں اور اس موقع پر شرجیل میمن کو قید کرکے آزادی چھین لینا ناانصافی ہوگی۔فیصلے میں کہا گیا کہ اگر شرجیل میمن تفتیش میں تعاون نہ کریں تو نیب ضمانت منسوخی کیلئے رجوع کرسکتاہے۔ کیس کا عبوری فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے نیب کے طریقہ تفتیش پر برہمی کا اظہار کیا تھا اور ریمارکس دیئے تھے کہ کیا نیب نے ملزم کو گرفتار کرکے اس کی تضحیک لازمی کرنی ہے، نیب مکمل تفتیش کرے اور ملزم کو عدالتوں سے سزا دلوائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کے رویے اور طریقہ تفتیش پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے صاف کہہ دیا تھا کہ نا اہل تفتیشی افسران کیخلاف کارروائی ہونے چاہئے۔