علی امین گنڈا پوراور شبلی فراز کی ضمانتوں میں27اپریل تک توسیع
انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا امین گنڈا پور اور شبلی فراز کی ضمانتوں میں 27 اپریل تک توسیع کردی۔کیس کی سماعت انسداد دہشتگری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ علی امین گنڈا پور اور شبلی فراز عدالت میں پیش ہوئے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن تفتیشی افسر کے ہمراہ ریکارڈ سمیت عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔جج طاہر عباس سپرا نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ آپ کو تفتیش کے لئے شبلی فراز چاہیے ؟ جس پر افسر نے عدالت کو بتایا کہ اب تفتیش کی ضرورت نہیں رہی۔جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیئے کہ ایک ملزم کی چالان جمع ہونے سے پہلے بریت کی درخواست دائر ہوئی، بریت بھی ہوگئی۔جج طاہر عباس سپرا نے استفسار کیا کہ ایک کے لئے تفتیشی کہہ رہا ہے کہ شواہد موجود نہیں ہیں، باقی کا کیا ہوگا۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور و دیگر کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 27 اپریل تک توسیع کردی۔