خیبرپختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ محمود خان نے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
نومنتخب وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔تفصیلات کے مطابق نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا،حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس میں ہوئی جہاں گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے وزیراعلیٰ محمود خان سے حلف لیاگورنر نے محمودخان کو وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی ، وزیراعلیٰ کے حلف کے بعد تقریب میں موجو د پی ٹی آئی کارکنوں نے نعرے بازی کی ۔ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کابینہ میں وزرا کی شمولیت سے متعلق مشاورت بھی شروع کردی گئی جس کی حتمی منظوری چیئرمین عمران خان دیں گے، کابینہ میں زیادہ تر سابق وزرا کو شامل کرنے کا امکان ہے، اشتیاق ارمڑ، شاہ محمد خان، خلیق الرحمان، ضیا اللہ بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے،عاطف خان اور شہرام ترکئی کو سینئر وزیر بنایا جائے گا۔یاد رہے کہ نومنتخب وزیراعلی محمود خان کا انتخاب جمعرات کواسمبلی اجلاس کے دوران عمل میں لایا گیا، انہوں نے 77 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔ایوان میں اپنے پہلے خطاب میں نومنتخب وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں گے اور عوام کے بھروسے کو ٹھیس نہیں پہنچنے دوں گا، ہم نے جو وعدے کیے ہیں اس پر مکمل عمل کریں گے، پی ٹی آئی کے منشور اور عمران خان کے ویژن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ محمود خان نے کہا کہ اداروں کو مضبوط کریں گے اور کرپشن کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر جہاد ہوگا، اقلیتوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ، ہم صوبے کے لوگوں پر سرمایہ کاری کریں گے، تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کی ترقی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔