سلامتی کونسل کے مشاورتی اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی آواز سنی گئی،ملیحہ

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ سب سے بڑے عالمی فورم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے نیویارک میں پاکستان اور چین کی درخواست پر بلائے گئے مشاورتی اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز سنی ہے۔نیویارک میں سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد اقوام متحدہ میں چین کے سفیر کے ہمرہ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تمام مستقل اور غیر مستقل15 رکن ممالک نے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارت کے یکطرفہ اقدام کے تناظر میں مقبوضہ علاقے کے لوگوں کی حالت زار اور انہیں درپیش مشکلات کا نوٹس لیا۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ سلامتی کونسل کااجلاس تنازعہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے موثر ہونے کا ثبوت ہے اوراس سے بھارت کے اس دعوے کی نفی ہو گئی ہے کہ کشمیر اس کا داخلی معاملہ ہے۔